قید حیات و بند و غم اصل میں دونوں ایک ہیں
موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں، ایک شخص اس امر کا طالب تھا کہ آیا دنیا میں کوئی بندہ بے فکر و بے غم بھی ہے؟
جا بجا جستجو کرتا ایک شہر میں جا پہونچا۔ وہاں ایک باغ نظر آیا صحن میں ایک کم سن نو خیز امیر زادہ نظر آیا جس کے گرد غلامان خوش اندام کمر بسته کھڑے ہیں۔ غلامان خوش الحان گاتے ہیں اور وہ امیر زادہ جھولے کے اندر جھول رہا ہے۔ انواع و اقسام کا سامان عیش موجود ہے یہ منظر دیکھ کر اس کی سمجھ میں آیا کہ اب مدعا پایا۔ یہ خوش نصیب ضرور بے فکر و بے غم ہے۔ اس نے امیر زادہ سے کہا ما شاء اللہ تمام جہاں میں ایک آپ کو دلشاد پایا ہے۔ امیر زادہ نے کہا میاں صاحب کس خیال میں ہو؟ آج شب میرے پاس ٹھرو اور میرے احوال بھی سنو۔
جب سے اس عالم فانی میں ہوئے ہم پیدا
کشور دل میں اسی دن سے ہوا غم پیدا
آرام سے ہے کون اس جہاں خراب میں
گل سینہ چاک اور صیاد اضطراب میں
بھر حال رات کو امیر نے پوچھا کہ میاں صاحب کیا کہتے تھے؟
اب کہیے اُس نے کہا مدت سے اس تجسس میں صحرا نوردی اختیار کی ہے کہ الٰہی اس عالم فانی میں بے فکر اور بے غم آدمی بھی ہے؟ لیکن افسوس کسی کو نہ پایا البتہ آپکو دیکھ کر اللہ کا شکر بجا لایا کہ بھلا آخر ایک تو بے فکر و بے غم پایا۔ امیر نے یہ سن کر آہ بھری اور کہا میاں صاحب مجھ جگر خستہ و دل شکستہ کا حال مت پُوچھو۔ والدین نے بڑے ناز سے مجھے پالا بچپن میں شادی کی بیوی خوب صورت اور نیک سیرت ملی۔ اللہ نے یہ لڑکے جو آپ دیکھ رہے ہیں ۔ عطا فرمائے ۔ قضاء الہٰی سے میری بیوی فوت ہو گئی۔ چند روز درد اور غم رہا آخر صبر آ گیا۔ پھر نکاح ثانی کیا دوسری بیوی پہلی سے بھی زیادہ حسین نیک سیرت اور وفادار پائی۔ نہایت خوشی سے زمانہ گزرنے لگا۔ کچھ عرصہ بعد وہ بھی بیمار ہو گئی اُمید زیست باقی نہ رہی۔ میں رونے لگا تو اس نے کہا کیوں روتے ہو؟ اگر میں مر جاؤں گی تو تم دوسری لے آؤگے آخر مُجھ سے پہلی بیوی پر بھی تو تم عاشق تھے۔ جب میں نے یہ بات سنی تو غصے میں آ کر اسی کے روبرو اُس بیخ فساد کو دور کر کے کہا بس اب تو دوسری بیوی نہ لا سکونگا ۔ اب قدرت کا کرشمہ دیکھئے کہ اُدھر میں نے یہ حرکت کی اور ادھر اُس کو صحت مل گئی آخر وہ اچھی ہو گئی۔ اب ہم دونوں ایک عجیب حسرت و افسوس میں گرفتار ہیں جس کا بیان محال ہے۔ آپ ہی انصاف فرمائیں کہ مجھ سا کوئی اور بھی دنیا میں دکھی ہے۔
دریں دُنیا کسے بے غم نہ باشد اگر باشد بنی آدم نہ باشد
حساب آب دانہ حشر میں ہوگا تو کہ دونگا پیا ہے عمر بھر خون جگر غم میں نے کھایا ہے
اس انجمن میں آ کر راحت نصیب ہے کس کو پروانہ بھی جلیگا اور شمع بھی جلیگی
حادثے اپنے طریقوں سے گذرتے ہی رہے کیوں ہوا ایسا یہ ہم تحقیق کرتے ہی رہے
دل کی آنکھوں سے ذرا غم خانہ عالم کو دیکھ
غم کی یہ تصویر ہے ہستی کی یہ ساری بہار
خلاصۃ کلام یہ کہ اس دُنیا میں بے غم کوئی ملا نہیں اگر مل جائے تو سمجھو وہ اور کچھ ہے انسان نہیں۔ فقط والسلام


0 تبصرے
Thanks for feedback