حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ ہجری سنہ ۴۷۰ شہر جیلان میں پیدا ہوئے۔ سترہ برس کی عمر تک سرکار اپنے شہر کے مکتب میں پڑھتے رہے۔ پھر آپ کے دل میں شوق پیدا ہوا کہ اب بغداد چلیں اور وہاں دین کی اونچی تعلیم حاصل کریں۔ چنانچہ آپ نے اپنی والدہ ماجدہ سے اپنا ارادہ ظاہر کیا۔ اور بغداد جانے کی اجازت طلب کی۔ سرکار کی والدہ اللہ تعالٰی کی بہت ہی نیک بندی تھیں،علم دین پڑھنے سے کیوں روک سکتی تھیں،دل پر صبر کی صل رکھ کر اجازت دے دی۔اور آپکی عبا میں بغل کے نیچے چالیس اشرفیاں رکھ کر اوپر سے سلائی کردی۔ جب سرکار چلنے لگے تو آخری وقت آپکی والدہ ماجدہ نے یہ عہد لیا کہ بیٹا! ہر حال میں سچ بولنا زبان سے کبھی جھوٹ نہ نکلے۔ سرکار نے عہد پورا کرنے کا وعدہ کیا۔ بغداد جانے والے قافلے کے ساتھ روانہ ہوگئے۔ جب آپ کا قافلہ شہر ہمدان سے آگے بڑھا تو ساٹھ گھڑ سوار ڈاکو جنگل سے نکل پڑے۔ اور قافلے والوں کو گھیر لیا اور ان کا مال و اسباب لوٹنے لگے۔ اور ایک ڈاکو سرکار کے پاس بھی پہونچا اور بولا کہ اے صاحب زادے! تمہارے پاس بھی کچھ ہے؟ سرکار نے فرمایا ہاں میرے پاس چالیس دینار ہیں۔ ڈاکو نے پوچھا: کہ کہاں ہیں؟ سرکار نے فرمایا کہ میری عبا میں بغل کے نیچے سلے ہوئے ہیں، ڈاکو نے سمجھا کہ اس کے پاس کچھ نہیں مجھ سے مذاق کر رہا ہے۔ یہ سوچ کر چلا گیا۔ اتنے میں دوسرا ڈاکو پہونچا اس سے بھی یہی سوال جواب ہوا۔ جب یہ دونوں ڈاکو اپنے سردار کے پاس پہونچے تو اس سے سرکار غوث پاک کا واقعہ بیان کیا۔ سردار بولا اُس بچے کو میرے پاس لاؤ۔ ایک ڈاکو سرکار کو بلا کر لے گیا۔ جب سرکار پہونچے تو دیکھا کہ ڈاکو قافلہ والوں کا مال و اسباب بانٹ رہے ہیں۔ آپ سے ڈاکوؤں کے سردار نے پوچھا: بتاؤ بیٹے تمہارے پاس بھی کچھ ہے؟ سرکار نے فرمایا ہاں میرے پاس بھی چالیس اشرفیاں ہیں سردار نے کہا کہاں ہیں؟ آپنے فرمایا کہ میری عبا میں بغل کے نیچے سلے ہوئے ہیں سردار نے سلائی کھولوا دی دیکھا واقعی چالیس اشرفیاں موجود ہیں۔ وہ آپکی صاف گوئی پر دنگ رہ گیا۔ اُس نے سوچا کہ اس لڑکے نے اپنا مال بتایا کیوں؟ جبکہ لوگ اپنا مال تو ڈاکوؤں سے چھپایا کرتے ہیں۔ اُسنے تعجب کے ساتھ حضور غوث اعظم سے پوچھا کہ میاں صاحبزادے ! تم نے اپنا مال ہم سے چھپایا کیوں نہیں؟ ہم سے صاف صاف کیوں بتا دیا تم نے؟سرکار غوث اعظم نے فرمایا کہ چلتے وقت میری والدہ نے مجھ سے سچ بولنے کا وعدہ لیا تھا۔ اس لیئے میں سچ ہی بولا کیوں کہ میں اپنی والدہ سے کیا ہوا عہد نہیں توڑ سکتا تھا۔ ڈاکوؤں کا سردار آپکی حقانی گفتگو سن کر رو پڑا۔ کہنے لگا کہ تم نے ایسی کٹھن گھڑی میں اپنی ماں سے کیا ہوا عہد نہیں توڑا اور میرا حال یہ ہے کہ سالہا سال سے میں اپنے خدا کے عہد توڑ رہا ہوں۔ میاں صاحبزادے اِدھر آؤ میں میں تمہارے ہاتھ پر توبہ کرنا چاہتا ہوں۔ پھر اس سردار نے سرکار کے ہاتھ پر سچے دل سے توبہ کی اور اپنے ماتحت ڈاکوؤں سے کہا کہ تم لوگ جاؤ اب میرا تم لوگوں سے کوئی واسطہ نہیں۔ اُن ڈاکوؤں نے جواب دیا کہ ہم لوگ تمہارا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے۔ پہلے تم ڈاکہ ڈالنے میں ہمارے سردار تھے اب توبہ کرنے میں ہمارے سردار ہو۔ ہم لوگ بھی اسی دم توبہ کرتے ہیں۔ پھر ڈاکوؤں نے سرکار غوث اعظم کے مبارک ہاتھوں پر توبہ کی اور لوٹا ہوا سارا مال قافلے والوں کو واپس کر دیا۔ پیارے عزیزو! ہمارے مذہب نے ہمیشہ سچ بولنے اور جھوٹ سے بچنے کی بڑی تاکید کی ہے لیکن افسوس کہ دور حاضر میں اکثر لوگ جھوٹ میں فائدہ سمجھ کر بے دریغ جھوٹ بولتے جارہے ہیں۔ مگر یاد رکھو! جھوٹ ایک چھوٹی چادر جیسا ہے سر چھپاؤ گے تو پیر ننگے ہوجائیں گے۔ جھوٹ بولنا خود ہی بڑے نقصان کی بات ہے جیسا کہ میں پہلے ایک پوسٹ میں بتا چکا ہوں۔ جھوٹ بولنے سے دل کالا اور روح گندی ہوتی ہے۔ لہٰذا ہمیں ہمیشہ جھوٹ سے نفرت کرنی چاہیے اور سچ كو ہمیشہ گلے کا ہار بنا لینا چاہیے ۔کیونکہ سچ سے اللہ تعالٰی اور اُسکے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی راضی اور سارا جہاں بھی راضی۔ دیکھو سرکار غوث اعظم کے ایک سچ کی برکت سے کتنے لوگوں کے مال سامان محفوظ رہے اور ڈاکوؤں کی بھی زندندگی ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔اور کئی لوگوں کو اُنکی لوٹ مار سے پناہ ملی.۔ فقط والسلام

0 تبصرے
Thanks for feedback