بہت پرانے زمانے کی بات ہے کہ بنی اسرائیل قوم کے تین آدمی تھے۔ ایک کوڑھی، دوسرا گنجا، تیسرا اندھا۔ تینوں بہت غریب و کنگال تھے۔ جب اللہ تعالٰی نے ان تینوں کا امتحان لینا چاہا تو ایک فرشتہ بھیجا۔ وہ فرشتہ پہلے کوڑھی کے پاس پہونچا اور اس سے پوچھا کہ تجھے کون سی چیز پیاری ہے؟کوڑھی نے جواب دیا کہ میرا جسم خوبصورت بن جائے اور میرا کوڑھ پن بھی دور ہوجائے کیونکہ لوگ اس کے سبب مجھ سے گھن کرتے ہیں۔ فرشتے نے اپنا نورانی ہاتھ کوڑھی کے بدن پر پھیر دیا جس سے اس کا کوڑھ پن جاتا رہا۔اور اس کے بدن کی کھال نرم اور لچکدار ہوگئی۔ اور جسم کا رنگ بھلا دکھنے لگا۔ پھر فرشتے نے پوچھا تجھے کونسا مال مرغوب ہے؟ اُسنے اونٹ بتایا۔ فرشتے نے اُسے دس مہینہ کی گابھن اونٹنی سپردکردی اور دعا کی کہ اللہ تعالٰی تیرے لیے اس میں برکت عطا فرمائے۔ پھر فرشتہ گنجے کے پاس گیا، پوچھا تجھے کون سی چیز پیاری ہے؟اُسنے بتایا کہ میرے جسم سے گھن کی چیز جاتی رہے اور میرے بال خوبصورت ہو جائیں۔ فرشتے نے اپنا نورانی ہاتھ پھیر دیا۔ اُسکے بدن سے گھن والی چیز جاتی رہی اور بال خوبصورت ہو گئے۔ فرشتے نے پوچھا۔ تجھے کون سا مال پسند ہے؟ اُسنے جواب دیا گائے۔ فرشتے نے اُسے گابھن گائے دےدی اور کہا اللہ تعالٰی تیرے لیے اس میں برکت عطا فرمائے۔ بعدہ فرشتہ اندھے کے پاس آیا اور کہا ۔تجھے کونسی چیز پیاری ہے؟ اندھے نے کہا اللہ تعالٰی مجھے دوبارہ آنکھیں عطا فرمائے تاکہ میں لوگوں کو دیکھوں۔ فرشتے نے اس پر اپنا نورانی ہاتھ پھیرا اللّٰہ تعالیٰ نے اسکو بینا کردیا۔فرشتے نے ایک گابھن بکری اُسکے حوالے کر دی اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔ کچھ دنوں کے بعد فرشتے کی دی ہوئی اونٹنی، گائے،اور بکری سے بچے پیدا ہوئے۔ پہلے شخص کے یہاں اونٹوں سے اور دوسرے کے یہاں گایوں سے اور تیسرے کے یہاں بکریوں سے جنگل بھر گیا اور تینوں مالدار ہوگئے۔ اب وہی فرشتہ کوڑھی آدمی کی شکل میں اونٹ والے کے سامنے پہونچا اور کہا میں ایک غریب پردیسی ہوں، میرے پاس نہ سواری کے لئے کوئی جانور ہے اور نہ کھانے کا کچھ سامان ہے ۔ مجھے اپنے گھر پہونچنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ مگر اللہ تعالٰی کی مدد سے اور تیری مدد سے جس خدا نے تجھے خوشنما رنگ، اچھی کھال اور کثیر مال دیا ہے اس کے نام پر تجھ سے ایک اونٹ مانگتا ہوں تاکہ میں اپنی منزل پر آسانی سے پہونچ جاؤں۔ اونٹ والے نے جواب دیا کہ میرے ذمے دوسرے خرچ بہت زیادہ ہیں اس لیے میں تجھے کچھ نہیں دے پاؤنگا۔ فرشتہ بولا گویا میں تجھے پہچانتا ہوں، کیا تو کوڑھی نہ تھا؟ پھر تجھے اللہ تعالٰی نے خوبصورت جسم دیا اور مالدار بنایا۔ اُسنے کہا میں مفلس کب تھا،؟ میں تو خاندانی امیر رہاہوں۔ فرشتہ بولا اگر تو جھوٹا ہے تو اللہ تعالٰی تجھے پہلے کی طرح کوڑھی اور کنگال بنادے۔ پھر فرشتہ وہاں سے چلا اور گنجے کی شکل بن کر گائے والے کے پاس پہونچا اور اس سے اپنی پریشانی بیان کر کے ایک گائے طلب کی، اُسنے گائے دینے سے انکار کر دیا اور وہی جواب دیا جو کوڑھی نے دیا تھا۔ فرشتے نے فرمایا اگر تو جھوٹا ہے تو تجھے پہلے جیسا بنادے پھر فرشتہ اندھا بن کر تیسرے آدمی کے پاس پہونچا۔ بولا میں مصیبت کا مارا ایک پردیسی ہوں میں اپنے وطن جانا چاہتا ہوں۔میرے پاس نہ سواری ہے نہ کھانے کا سامان ہے ۔ بس اللہ تعالٰی کا کرم اور تیری مدد ہوجائے تو پہونچنا آسان ہے۔ جس خدا ئے پاک نے تجھے دوبارہ آنکھ عطا فرمائی اسی کا واسطہ دیکر میں تجھ سے ایک بکری کا سوال کرتا ہوں۔ اگر تو مجھے ایک بکری دے دے تو میں آسانی سے اپنے گھر پہونچ جاؤنگا۔ اُسنے کہا بیشک میں اندھا تھا اللّٰہ نے اپنے فضل سے مجھے آنکھیں دیں۔ اے مسافر! تو مجھ سے صرف ایک بکری مانگتا ہے ۔ارے اللہ تعالٰی کے نام پر میرا سارا مال قربان ہے، تو جتنا چاہے لےجا، میری طرف سے بلکل اجازت ہے۔ فرشتے نے فرمایا کہ تم اپنا مال اپنے پاس رکھو، تیرا اور گنجے اور کوڑھی کا اللہ تعالٰی کی طرف سے امتحان تھا وہ دونوں امتحان میں فیل ہیں اور تو کامیاب ہے، تیرے لیے اللّٰہ تعالٰی کی رضا ہے اور اُن دونوں سے اللہ تعالٰی ناراض ہے۔ پیارے عزیزو! جو شخص نعمت پاکر اللّٰہ تعالٰی کو بھول جائے اُسکا انجام بہت برا ہے، المختصر دو باتیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئیں ۔ ایک اپنے رب کو نہ بھول دوسری اپنے مال پر نہ پھول

0 تبصرے
Thanks for feedback